الیکشن کمیشن کا7 دسمبر کو قومی ووٹر ڈے منانے کا فیصلہ
اسلام آباد (اے پی پی) الیکشن کمیشن کی پلاننگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کی۔ اجلاس میں چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران7 دسمبر کو قومی ووٹر ڈے شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا جس کی مرکزی تقریب ایوان صدر میں ہوگی جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین ہوں گے جبکہ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا بھی تقریب سے خطاب کریں گے۔ اس تقریب میں مختلف سرکاری اداروں کے 700 افسران شریکہوں گے۔ اس کے علاوہ اسی روز صوبائی سطح پر چاروں گورنر ہائوسز میں تقریبات منعقد کی جائیں گی جن کے مہمان خصوصی متعلقہ صوبے کے گورنر ہوں گے۔ چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز بھی اپنے خطاب میں 2018ء کے انتخابات کے حوالے سے ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔ اس کے علاوہ ڈویژنل اور ضلعی سطح پر ووٹر آگاہی واک ہوگی جس میں میڈیا، سول سوسائٹی، خواتین تنظیمیں اور عوام شریک ہوں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 7 دسمبر کو قومی ووٹرز ڈے کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔