گوجرہ قتل کیس میں عمر قید کا ملزم ناکافی شواہد پر بر ی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت )سپریم کورٹ نے فیصل آباد کے علاقے گوجرہ میں قتل کیس میں عمر قید کے ملزم قیصرمحمود کوناکافی شواہد کی بناء پر بری کرنے کاحکم جاری کردیا ہے. بروز جمعہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد اورجسٹس فیصل عرب پرمشتمل تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ، اس موقع پرملزم کے وکیل نے پیش ہوکرعدالت کوبتایا کہ ملزم قیصر پر 31جنوری2007ء کوتھانہ گوجرہ کی حدود میں بشیراحمد نامی شخص کوقتل کرنے کاالزام تھا،مقدمہ درج ہونے کے بعد ٹرائل کورٹ نے ملزم کوسزائے موت سنائی تھی جو ہائی کورٹ نے عمرقید میں تبدیل کی تھی ، فاضل وکیل نے مزید بتایا کہ ٹرائل کے دوران استغاثہ ملزم کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کرسکا ، گواہان کے بیانات میںبھی تضاد واضح ہے لیکن اس کے باوجود ملزم کوسزا سنائی گئی ، استدعا ہے کہ مقدمہ کے ریکارڈ کی روشنی میں ملزم کی سزا ختم کرکے اسے بری کرنے کاحکم دیا جائے جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریکارڈ کاجائزہ لینے اوروکیل صفائی کے دلائل سننے کے بعد ملزم کوبری کرنے کاحکم دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔