نواز شریف کی نااہلی کے فیصلہ سے سازشی عناصر کے عزائم کی تکمیل ہوئی‘ برجیس طاہر
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ محمد نوازشریف اور ان کا خاندان احتساب کے موجودہ عمل پر اپنے شدید تحفظات کے باوجود قانون وآئین کا احترام کرتے ہوئے عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں اور اپنے خلاف لگائے ہوئے بے بنیاد الزامات کو غلط ثابت کر نے کے لیے عدالتوں سے بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج بدقسمتی سے پاکستان کا بچہ بچہ اور عام آدمی احتساب کے اس جانبدانہ عمل کو آسانی سے پہچان چکاہے جہاں صرف اور صرف محمدنوازشریف اور ان کے خاندان کو سیاست سے بے دخل کرنے کے لیے جانبدانہ احتساب کاعمل شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جب بھی ملک کسی ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوتاہے تو بدقسمتی سے پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے دشمن پاکستان کو ترقی کے راستے سے ڈی ریل کرنے کے لیے سازشیں شروع کر دیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی سے مخلص محمدنواز شریف جیسا رہنما پاکستان کی ماضی قریب کی تاریخ میں کوئی نہیں ملتا۔ انہوں نے کہاکہ محمد نواز شریف کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں نااہل کرنے سے ان سازشی عناصر کے عزائم کی تکمیل ہوئی ہے جو پاکستان کو معاشی و سیاسی لحاظ سے غیر مستحکم دیکھنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کے خلاف سازشوں کا جال بن کر عمران خان کا وزیراعظم بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا۔