کرپشن الزامات: سندھ پولیس کے 149 افسران اور اہلکار ملازمت سے برطرف
کراچی (نوائے وقت نیوز) سندھ پولیس میں کرپشن اور دیگر جرائم میں ملوث 19 پولیس افسران کو نوکری سے برطرف جبکہ 130 کو جبری ریٹائرڈ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سندھ پولیس افسران کے کریمنل ریکارڈ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق کرپشن اور دیگر جرائم میں ملوث 130 پولیس افسران و اہلکاروں کو جبری ریٹائر کیا گیا جب کہ 19 پولیس افسران کو نوکری سے برطرف بھی کیا گیا۔ اے ڈی خواجہ نے رپورٹ میں کہا عدالت کو یقین دلاتا ہوں کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ آئی جی سندھ اور سیکرٹری داخلہ نے گزشتہ روز عدالت میں رپورٹ جمع کرائی تھی جس میں سندھ پولیس کے 17 سے 18 گریڈ تک افسران کی کرپشن اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے کی نشاندہی کی گئی تھی۔