بھارتی ہندو جوڑے کو جنم بھومی کی محبت پنڈی بھٹیاں کھینچ لائی، پاکستان کے لوگوں کی محبت فراموش نہیں کرینگے: کشتوری را م
کسیسے (نامہ نگار) پاکستان کے لوگوں کی محبت کے لمحات کو کبھی بھی فراموش نہیں کریں گے، بچپن کی یادیں تازہ ہوگئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار بھارت سے آنے والے کشتوری رام اور اس کی اہلیہ نے کیا۔ بھارتی جوڑے کو ان کے بچپن اور جنم بھومی کی یادیں پاکستان لے کر آئیں۔ 82 سالہ کشتوری رام کا بچپن پنڈی بھٹیاں میں گزرا تھا وہ بارہ سال کا تھا ہندوستان کی تقسیم 1947 میں ہوئی تو ان کا خاندان دہلی میں مقیم ہوگیا تھا ۔ 70 سال بعد اس کے دل کی تمنا پوری ہوئی اور پاکستان پہنچ کر اپنی جنم بھومی کو دیکھنے پنڈی بھٹیاں کے محلہ لوہاراں میں اپنے والدین کے گھر کو تلاش کرکے مکان مالک سے اجازت طلب کی وہ اس کو ایک نظر دیکھنا چاہتا ہے مکان کے اندر داخل ہوکر ایک کمرہ کی جانب اشارہ کیا میری اس کمرہ میں پیدائش ہوئی تھی یہ کمرے اسی حالت میں تھے جیسا چھوڑ کر گئے تھے اس نے کمروں کو چوما، اس کی آنکھوں میں آنسو اُمڈ آئے، ماہنی شاہ سکول میں پڑھتا تھا اس محلہ اور شہر کے افراد کے نام بھی بتائے اور کہا اب تو پنڈی بھٹیاں شہر بن چکا ہے۔