پنجاب حکومت نے ڈاہرانوالہ کو تحصیل کا درجہ دینے کی منظور ی دیدی
چشتیاں (نامہ نگار) پنجاب حکومت نے چشتیاں کے قصبہ ڈاہرانوالہ کو تحصیل کا درجہ دینے کی منظوری دے دی ہے۔ نئی تحصیل میں ہارون آباد کی دو قانون گوئیاں شامل کی گئی ہیں۔ ڈاہرانوالہ کو تحصیل کا درجہ دینے کی منظوری صوبائی حکام کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران دی گئی جس کی صدارت صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما و ممبر قومی اسمبلی چوہدری طاہر بشیر چیمہ نے بتایاکہ ڈاہرانوالہ کو زرعی اجناس کی پیداوار کی بدولت پنجاب بھر میں بڑی اہمیت حاصل ہے اور علاقہ مذکورہ کی زرعی معیشت کے استحکام اور ہزاروں کسانوں کو مقامی سطح پر انتظامی و عدالتی و دیگر سہولتیں فراہم کرنے کے لئے تحصیل کا درجہ دیا ہے۔ ڈاہرانوالہ کو تحصیل کا درجہ ملنے سے ضلع بہاولنگر کو چھ تحصیلیں ہونے کی بناء پر پنجاب میں منفرد اعزاز حاصل ہو جائے گا۔ ممبر قومی اسمبلی چوہدری طاہر بشیر چیمہ اور ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری زاہد اکرم نے لاہور میں اجلاس میں خصوصی شرکت کی ۔