پاکستان میں ایڈونچر اسپورٹس کے لئے سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہیں: چوہدری عبدالغفور
راولپنڈی ( نوائے وقت نیوز) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم چوہدری عبدالغفور خان نے مایہ ناز کیاکرمائیک ڈاؤسن کی قیادت میں نیوزی لینڈ سے آئی ہوئی کیانگ ٹیم کے ڈاکومینٹری فلم میکنگ ایونٹ کی صدارت کی۔ نیوزی لینڈ سے آئی کیاکرز کی ٹیم نے پاکستان میں پرُخطرایڈونچر سپورٹ کیاکنگ پر ایک جامع دستاویزی فلم بنائی ہے جس میں سکردو سے گلگت کے درمیان دریائے سندھ پر انتہائی پُر خطرکیاکنگ کی مہم جوئی فلمائی گئی ہے ۔ اس موقع پر کویت سے آئے ہوئے سرمایہ کاروں عبداللہ سلیمان اورعبدالرحمن سرخو ،اور یوکے میں مقیم پاکستانی سرمایہ کار جاوید ماجد بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری عبدالغفور نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتر ی کے باعث بہت سے عوامل میں تبدیلی آ رہی ہے جس میں غیر ملکی سیاحوں کی پاکستان آمد میں اضافہ بھی شامل ہے۔ گزشتہ سالوں کے مقابلے میں اس سال ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ نظر آیا ہے جبکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔نیوزی لینڈ کی اس ٹیم نے پاکستان سے متعلق دستاویز ی فلم بنا کر یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان سیاحوں کیلئے مکمل طور پر محفوظ ترین ملک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایڈونچر سپورٹس پاکستان کی سیاحت کا صرف ایک جزو ہے کیونکہ پاکستان میں سیاحوں کیلئے سیاحت کی تمام اقسام موجود ہیں۔ مائیک ڈاؤسن اور ان کی بنائی ہوئی دستاویزی فلم پاکستان میں سیاحوں کی آمد میں اضافے اوربیرون ِ ملک پاکستان کا امیج بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو گی۔ مہم جوئی انسانی فطرت کا خاصہ ہے اور اس جبلت کو اطمینان دینے کیلئے پاکستان میں ایڈونچر اسپورٹس کے مواقع تمام سیاحوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی نے کیاکنگ ٹیم کو شیلڈز اور تحائف دئیے اور مائیک ڈاؤسن کو پاکستان کی سیاحت کے فروغ کیلئے قابل ِ تعریف خدمات کے صلے میں پاکستان کا اعزازی ٹورازم برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا۔ اس موقع پر کویتی سرمایہ کار عبدالرسول سرخُو اورعبداللہ سلیمان نے کہا کہ پاکستان سے برادرانہ تعلقات کویت کیلئے بیش بہا سرمایہ ہیں ۔ کویت میں مقیم ایک لاکھ سے زائد پاکستانی باشندے کویت کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان آکر اجنبیت کا احساس بالکل نہیں ہوااور یہاں کے لوگ بے حد مہمان نواز اور پرجوش ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر غور کر رہے ہیں اورکویتی عوام کو پاکستان کی سیاحت کیلئے راغب کریں گے ۔یوکے میں مقیم پاکستانی سرمایہ کار جاوید احمدماجد کا کہنا تھا کہ و ہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں کئی پراجیکٹس بنانا چاہتے ہیں اور پاکستان میں دیگر تمام ممالک کے مقابلے میں سیاح زیادہ محفوظ ہیںاور سرمایہ کاروی کے بے انتہا مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستان کو سیاحت کے حوالے سے خوبصورت ترین ملک قرار دیا۔نیوزی لینڈ کے کیاکر مائیک ڈاؤسن نے کہا کہ اس کیاکنگ مہم پر آنے سے پہلے کئی لوگوں نے منع کیا کہ پاکستان مت جائو لیکن پختہ ارادہ ہونے کے باعث ہماری ٹیم یہاں آئی اور دیکھا کہ بین الاقوامی میڈیارپورٹس اور ٹریول ایڈوائزیز صرف جھوٹ کا پلندہ ہیں اور پاکستان کا بد امنی سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔ پاکستان عوام کی محبت اور میزبانی ناقابل ِ فراموش ہے اور ان کی مدد کے باعث ہی ہم یہ دستاویزی فلم بنانے میں کامیاب ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ فلم عالمی ایڈونچر میلوں میں لانچ کی جائے گی اور یقینا پاکستان کے متعلق غلط فہمیوں کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔اس فلم کی مدد سے ہم آئندہ سال مزید کیاکنگ اور ایڈونچر گروپس کو پاکستان لائیں گے۔