ہائیکورٹ کی جانب سے 18ججز کے نام ایجنسی کو بھجوانے کی خبر غلط ہے: رجسٹرار
لاہور(وقائع نگار خصوصی) قائم مقام رجسڑار لاہور ہائیکورٹ محمد اکمل خان نے ہنگامی پریس کانفرنس میں ججوں کی تعیناتی کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہائیکورٹ میں ججوں کی تعیناتی کا طریقہ کار انتہائی خفیہ ہوتا ہے جبکہ مقامی چینل کی جانب سے چلنے والی اس خبر کے مطابق کہ ہائیکورٹ کی جانب سے18ججوں کے نام ایجنسی کو بھجوائے گے تھے جن میں سے 13ناموں کے بارے میں ایجنسی نے منفی رپورٹ دی لٰہذا اس خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے اور یہ خبر بے بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ میں ججوں کی تعیناتی کا عمل روک دیا گیا ہے اور مارچ میں دوبارہ نام طلب کئے جائیں گے جبکہ سب سے پہلی بات جس کی وضاحت کی ضرورت ہے کہ ایسی کورٹ رپورٹ ہائی کورٹ کو نہیں ملی ہے میں نے تمام ایجنسی کے ذمہ دار لوگوں سے بھی رابطہ کیا ہے اور تمام ایجنسی نے اس کی بھرپورٹ مذمت کی ہے کہ کسی بھی ایجنسی نے ابھی تک ہائی کورٹ کو رپورٹ ارسال نہیں کی ہے۔چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس منصور علی شاہ لندن میں سرکاری دورے پر ہیں انہیں بھی اس خبر کا انتہائی دکھ ہوا ہے اور انہوں نے بھی اس خبر کی مذمت کی ہے۔ میڈیا کی انتہائی خفیہ کاموں میں مداخلت غیرقانونی ہے اور میں واضح الفاظ میں بتادوں جس چینل نے حقائق سے ہٹ کر خبر چلائی ہے اس ذمہ دار چینل کے خلاف قانونی کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔