پاکستان ایک جسم کی ما نند‘ فاٹا دل اور دماغ ہے: سمیع الحق
خیبر ایجنسی (صباح نیوز) پاکستان ایک جسم کی مانند ہے اور فاٹا اس کا دل اور دماغ ہے، قبائلی خطے کو علاقہ غیر کہنا توہین ہے، قبائلی عوام کو ایف سی آر کے تحت غلام بنا کر رکھ دیا گیا ہے، فاٹا کو صوبے میںضم کرنا وقت کی ضرورت ہے، افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے لنڈی کوتل میں فاٹا اصلاحات کے حوالے سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انگریزوں نے اپنے مفادات کے لئے فاٹا کو بفر زون کے طور پر چھوڑ کر بہت بڑی سازش کی ہے اور ہر جگہ سامراجی قوتوں نے یہی سازش کی ہے جس طرح یہاں فاٹا میں کیا ہے اور اس طرح اپنے مفادات حاصل کرتا رہا ہے اور ستر سال سے قبائلی عوام کے ساتھ یہی ظالمانہ سلوک روا رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالم کفر عالم اسلام اور ہر جگہ مسلمانوں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں چاہے وہ کشمیر ہو ، افغانستان یا فلسطین ہو مولانا سمیع الحق نے کہا کہ ملکی پارٹیوں نے عوام کے حقوق پر ڈاکے ڈالے ہیں اور کرپشن میں ملوث ہیں اور ہم پاکستان میں امریکی پالیسیوں کو مسترد کرتے ہیں اور پورے ملک میں شریعت کے نفاذ کے لئے کوشاں ہیں انہوں نے کہا کہ فاٹا کو صوبے میں ضم کیا جائے اور قبائلی عوام کو تمام بنیادی حقوق دیئے جائے اور اس مقصد کے لئے کوشاں ہیںہم فاٹا کو صوبے کا حصہ بنانے کے لئے ہر حد تک جائینگے۔ ایم این اے الحاج شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ وہ اپنے حلقے کے لئے ترقیاتی پروگرام لانا چاہتے ہیں اور کہا کہ جو حقوق مولانا فضل الرحمان ، آصف زرداری اور نواز شریف کے بچوں کے لئے میسر ہیں وہی حقوق قبائلی عوام کے بچوں کو دینا چاہتے ہیں۔