کراچی: کار لفٹر گروہ کا سرغنہ میئر کراچی وسیم اختر کا سابق ڈرائیور نکلا
کراچی (کرائم رپورٹر)کراچی کے بدنام ترین کار لفٹر گروہ کا سرغنہ میئر کراچی وسیم اختر کا سابق ڈرائیور نکلا، ملزم نے دوران تفتیش اہم انکشافات کئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پولیس کی تفتیشی رپورٹ کے مطابق ملزم گلشن گوپانگ 2009ء سے 2013ء تک وسیم اختر کا ڈرائیور تھا۔ ملزم نے 15 سے زائد گاڑیاں چوری کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ ملزم نے بتایا کہ اس کے گروہ میں امان اللہ، مصطفی اور حسین نامی ملزم شامل ہیں جبکہ ملزم کا ایک ساتھی پنجاب پولیس کے ہاتھوں مقابلے میں مارا جا چکا ہے۔ ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ ایک گاڑی کے عوض 20 سے 80 ہزار روپے معاوضہ ملتا تھا۔ کراچی سے چھینی یا چوری کی گئی گاڑیاں اندرون سندھ حاجی نامی شخص کو فروخت کی جاتی ہیں۔ رینجرز اور پولیس نے کراچی میں سٹریٹ کرمنلز کا صفایا کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔کریک ڈائون کیلئے رینجزر کی جانب سے 90 ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، جبکہ سادہ لباس پولیس اہلکار مختلف مقامات پر تعینات رہیں گے۔سکیورٹی اداروں کی سب سے زیادہ توجہ ایسٹ اور ساؤتھ زون میں ہوگی۔ قائد آباد میں دو ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گئے۔ دونوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اسلحہ سمیت پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان امتیاز اور نواز باپ بیٹا ہیں‘ دونوں اسلحے کے زور پر شہریوں کو لوٹ رہے تھے۔ رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارکر 13ملزمان کو گرفتار اور ان کے قبضے سے اسلحہ‘ ایمونیشن چھینا ہوا سامان اور منشیات برآمد کرلی۔