اعظم طارق کیس کے مرکز ی ملزم سبطین کاظمی پر فرد جرم عائد
اسلام آباد (نا مہ نگار) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سابق ممبر قومی اسمبلی مولانا اعظم طارق قتل کیس میں گرفتار مرکزی ملزم سبطین کاظمی پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔ جمعہ کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے فرد جرم پڑھ کر سنائی۔ فرد جرم کے مطابق مولانا اعظم طارق قتل کیس میں آپ مرکزی ملزم ہیں، اعظم طارق کے قتل کی سازش میں آپ پر فرد جرم عائد کی جاتی ہے۔ ملزم نے صحت جرم سے انکار کیا۔ جس کے بعد کیس کا باقاعدہ ٹرائل شروع کر دیا گیا ہے ۔ ملزم سبطین کاظمی کے خلاف دو گواہان عمران اور امتیاز نے اپنے بیان ریکارڈ کرا دیئے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو بیان ریکارڈ کرانے کے لئے طلب کر تے ہوئے کیس کی سماعت 27 نومبر تک ملتوی کر دی۔