بدعنوانی تمام مسائل کی جڑ، خاتمہ اولین ترجیح ہے: ڈپٹی چیئرمین نیب
اسلام آباد(صباح نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کے ڈپٹی چیئرمین امتیاز تاجور نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی کے خاتمہ کو اولین ترجیح دیتا ہے، پاکستانی عوام بالخصوص نوجوانوں کو شامل کرکے انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے، نیب کی موجودہ انتظامیہ بدعنوانی کی روک تھام کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بلاامتیاز سب کے احتساب پر یقین رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ایک کانفرنس سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بدعنوانی کے مشترکہ چیلنج سے نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ کے بدعنوانی کے کنونشن (یو این سی اے سی) کے فوکل ادارہ کی حیثیت سے اپنے اراکین کو اہمیت دیتا ہے کیونکہ بدعنوانی تمام مسائل کی جڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ریویو سائیکل کے تحت اپنے ملکی ریویو کے عمل کو کامیابی سے مکمل کیا ہے اور اب پہلے سائیکل سے حاصل ہونے والے تجربات کی روشنی میں دوسرے ریویو سائیکل کی تیاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کانفرنس سے رکن ممالک کے درمیان بدعنوانی کی مؤثر روک تھام کیلئے تعاون مزید مستحکم ہوگا۔