انڈر 19 ایشیا کپ : فائنل معرکہ کل پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہوگا
کوالا لمپور(آئی این پی)ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں جاری انڈر19ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں افغانستان نے نیپال کو ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا،افغانستان کی ٹیم نے 102رنز کا معمولی ہدف21اوورز میں3وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ایونٹ کا فائنل (کل)اتوارکو پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ لیگ میچز میں افغانستان نے پاکستان کو شرمناک شکست دی تھی،لیگ میچ میں افغانستان کیخلاف قومی ٹیم صرف57رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی۔جمعہ کوکوالالمپور میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا۔نیپال کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی اور 103رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔نیپال کے10بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے جبکہ انیل شاہ 50رنز بنا کر کامیاب ترین بلے باز رہے۔افغانستان کی جانب سے مجیب نے6اور قیس احمد نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔جواب میں افغانستان نے مطلوبہ ہدف 3وکٹوں کے نقصان پر21اوورز میں حاصل کرلیا اور فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز نے71رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اکرام علی نے18،درویش رسول نے12 رنز بنائے۔نیپال کی جانب سے سندیپ،کمال سنگھ اورپوان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔انڈر19ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل اب 19 نومبر کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔یاد رہے کہ لیگ میچز میں افغانستان نے پاکستان کو شرمناک شکست دی تھی،لیگ میچ میں افغانستان کیخلاف قومی ٹیم صرف57رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی اور افغانستان نے معمولی ہدف 9.1اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا تھا۔