بلوچ محمڈن گولڈن جوبلی فٹبال، کلری اسٹار اور ماڑی پور بلوچ سیمی فائنل میں
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) آل کراچی بلوچ محمڈن گولڈن جوبلی فٹبال ٹورنامنٹ میں کلری اسٹار نے کورنگی بلوچ کو2-1 سے اور ماڑی پور بلوچ نے ینگ تغلق کو 3-0سے قابو کرکے سیمی فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔کوارٹر فائنل میں کلری اسٹارسائوتھ نے کورنگی بلوچ کے خلاف ایک دلچسپ مقابلے کے بعد 2-1 سے ہراکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ پہلے ہاف میں کلری اسٹار کو فاروق نے14 ویں منٹ میں گول اسکور کرکے 1-0کی برتری دلادی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر کلری اسٹار کی ٹیم کو1-0 کی سبقت حاصل تھی۔مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن ملیر کے سیکریٹری علی شاہد تاج کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا۔ان کے ساتھ ویسٹ کے سیکریٹری رحیم بخش بلوچ، استاد محمد اقبال، غلام شبیر،خدابخش، شکیل،آصف شاہ،گلزار بلوچ،ودیگر موجود تھے۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر حملے جاری رکھے اور56 ویں منٹ میں کلری اسٹار کو نبیل نے دوسرا گول بناکر ٹیم کی برتری کو2-0 سے مستحکم کیا، کورنگی بلوچ کے اختر نے گول کرکے مقابلہ کا اسکور2-1 کردیا۔ ماڑی پوربلوچ نے ینگ تغلق سائوتھ کو 3-0سے شکست دیکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ ماڑی پور بلوچ کی جانب سے شاکر نے13 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو1-0 کی برتری حاصل کی، جس کو طارق نے20 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری کو2-0سے دگنا کردیا۔ کھیل کے50 ویں منٹ میں جلیل نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 3-0سے فتح دلادی۔