ڈی ایم سی سینٹرل فٹبال چمپئن شپ کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ڈی ایم سی سنٹرل فٹبال چمپئن شپ کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی۔ گلشن سوکر نے غازی پورجیم خانہ کو 6-1اور واصف میموریل نے قادری اسپورٹس کو 3-0سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ ڈی ایف اے سینٹرل کے زیر اہتمام گولڈن اسٹار گراؤنڈ نیوکراچی پر جاری ایونٹ میں واصف میموریل نے قادری اسپورٹس کو 3-0سے ٹھکانے لگایا۔ہاف ٹائم تک دونوں ٹیمیں 0-0کی برابری کے ساتھ میدان سے باہر آئیں۔ وقفہ کے بعد واصف میموریل کے فہیم شاہ نے 47ویں منٹ میں اپنی ٹیم کو 1-0سے آگے کیا اور ملک وقار نے 52ویں اور 53ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے 3گول داغ کر واصف میموریل کو 3-0کی برتری کے ساتھ کوارٹر فائنل میںجگہ دلادی۔ آخری کوارٹر فائنل میں گلشن سوکر ایف سی نے غازی پور جیم خانہ کو 6-1سے آؤٹ کلاس کیا۔ 6ویں منٹ میں نادر خان نے غازی پور جیم خانہ کیلئے گول اسکور کیا۔ تاہم مشعل ، علی حسن اور محمد علی نے وقفہ سے قبل ایک ایک گول کرکے 3-1کی سبقت گشن سوکر کو دلادی۔ دوسرے ہاف میں مدثر ، شاہ رخ اور زاہد اقبال نے مزید ایک ایک گول داغ کراسکور6-1کردیا۔ فائنل وسل پر گلشن سوکر 6-1کی برتری کے ساتھ میدان سے باہر آئی۔آرگنائزنگ سیکریٹری انٹرنیشنل سلیم پٹنی کے مطابق پہلا کوارٹر فائنل ہزارہ یونائیٹڈ اور غوثیہ اسپورٹس کے مابین 17نومبر، دوسرا کوارٹر فائنل 18نومبر کو واصف میموریل اور ینگ پٹنی، تیسراکوارٹر کوارٹر19نومبرکو گلشن سوکر اور سکسٹین اسٹار جبکہ آخری معمار اسپورٹس اور بلوچ اسٹار کے مابین 20نومبر کو کھیلا جائے گا۔