مشرقی سرحد پر خطرات ہیں‘ تیاریاں کم نہیں ہوں گی: آرمی چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کنٹرول لائن سمیت مشرقی سرحد سے پاکستان کو مسلسل خطرات کا سامنا ہے جس کے باعث یہاں ہم اپنی حربی تیاریوں میں کوئی کمی نہیں ہونے دیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کو ہیڈکوارٹرز راولپنڈی کور کا دورہ کیا جہاں انہیں لائن آف کنٹرول، ایل او سی، لائن آف ایکچوئل کنٹیکٹ پر موجودہ صورتحال کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو فارمیشنز کی عملی تیاریوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی کارروائیوں کا بھرپور جواب دینے پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہاکہ خطرات کی موجودگی میں ذمہ داریوں سے غافل نہیں رہ سکتے۔ علاوہ ازیں چین کے خصوصی مندوب برائے پاکستان و افغانستان ڈنگ یوان نے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوران ملاقات باہمی دلچسپی کے امور‘ خطہ میں سلامتی کی صورتحال اور انسداد دہشت گردی کے معاملات پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ چینی خصوصی نمائندے نے کہاکہ دہشت گردی کیخلاف پاک فوج کی قربانیاں قابل ستائش ہیں۔ دریں اثناء آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ شہید کیپٹن جنید حفیظ کے گھر گئے، آرمی چیف نے شہید کیپٹن جنید حفیظ کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ آرمی چیف نے شہید کیپٹن جنید کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ آرمی چیف نے اہلخانہ سے تعزیت کی اور شہید کیپٹن کو خراج تحسین پیش کیا۔ کیپٹن جنید 13نومبر کو باجوڑ ایجنسی میں سرحد پار حملے میں شہید ہوئے تھے۔ آرمی چیف نے کہا کہ شہید کیپٹن نے مادروطن کی حفاظت کیلئے عظیم قربانی دی۔