آسٹریلیا، کینیڈا کیساتھ تعلقات مستحکم بنانے کیلئے کوشاں ہیں: ایاز صادق
اسلام آباد(این این آئی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے گزشتہ روز آسٹریلیا اور کینیڈاکے ہائی کمشنروں نے پارلیمنٹ ہائوس میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں میں باہمی پارلیمانی و اقتصادی تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ آسٹریلیا کی ہائی کمشنر Ms. Margaret Adamson سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت پاک۔ آسٹریلیا تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین سیاسی و معاشی تعاون میں اضافے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک جمہوریت، تجارت اور چیمبر آف کامرس کے اشتراک سے ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ آسٹریلیا کی ہائی کمشنرMs. Margaret Adamson نے سپیکر قومی اسمبلی کی پارلیمانی وفود کے تبادلو ں اور عوامی رابطوں میں اضافے کی تجویز سے اتفاق کیا۔ کینیڈا کے ہائی کمشنر Mr. Perry John Calderwood سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقا ت کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پارلیمانی و عوامی روابط کو بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ کینیڈا کے ہائی کمشنر Mr. Perry John Calderwood نے سپیکر کے کلمات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کینیڈا بھی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کوبڑی اہمیت دیتا ہے اور پارلیمانی و معاشی شعبوں میںتعاون کو فروغ دیکر موجودہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔
ملاقاتیں