15 دسمبر کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے جلسہ ملتان کی تاریخی کامیابی کیلئے سرتوڑ کوشش کریں گے
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیراعظم و سینئر وائس چیئرمین پیپلز پارٹی مخدوم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نو منتخب پارٹی عہدیداران سے امید ہے کہ وہ 15 دسمبر کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے جلسہ ملتان کی تاریخی کامیابی کیلئے سرتوڑ کوشش کریں گے اور اپنی سرخروئی کیلئے یونین کونسلز کی سطح پر نئی تنظیم سازی کیلئے پارٹی قیادت کی طرف سے 30 نومبر تک کے دیئے گئے ٹاسک پر پورا اتریں گے جبکہ صوبائی حلقہ جات کے پیپلز سیکرٹریٹ ‘ پیپلز پارٹی کے عوامی مورچے ثابت ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا ٹاک پیپلز پارٹی صوبائی حلقہ 197 کے دفتر پیپلز سیکرٹریٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ جس کا اہتمام نو منتخب صدر حلقہ پی پی 197 حاجی مظہر نواز نے کیا اور اس موقعہ پر پیپلز پارٹی ملتان کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری و سابق ایم پی اے ڈاکٹر جاوید صدیقی‘ سینئر نائب صدر جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم‘ سٹی صدر ملک نسیم لابر سمیت نو منتخب عہدیداران صوبائی حلقہ 197 سینئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی‘ نائب صدور سید فرحان ظفر گیلانی‘ سید عالم زیدی‘ صبغت اﷲ فاروقی‘ قسور حیدری اکرم انصاری ‘ سلطان خان‘ سیکرٹری انفارمیشن ملک عمران جاوید سمرا و دیگر پارٹی عہدیداران اور کارکنان موجود تھے۔ جبکہ اس موقعہ پر کشمیری ٹکٹ ہولڈر حفیظ احمد بٹ کے ہمراہ پیپلز پارٹی ورکرز موومنٹ جنوبی پنجاب کے آرگنائزر ہاشم خان بابر نے سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی میں باقاعدہ دوبارہ شمولیت کا اعلان کیا۔ بعد ازاں سابق وزیراعظم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے ہماری پارٹی کا اثاثہ ہمارے نظریاتی ورکرز ہیں۔ بڑے لوگ آتے جاتے رہے مگر ورکر پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ آئے روز پارٹیاں بدلتے ہیں وہ عوام کے ساتھ دھوکہ کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کے 15 دسمبر کے جلسہ ملتان میں ہجوم نہیں بلکہ نظریاتی لوگوں کو جمع کرنا ہے۔ سید یوسف رضا نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی جب ہماری حکومت ختم کی گئی تو ہم نے کوئی گلہ نہیں کیا گھر آ گیا اور اداروں میں تصادم نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے قبل از وقت انتخابات کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اختیار وزیراعظم کے پاس ہے مگر میرے نزدیک انکو اپنا وقت پورا کرنا چاہئے۔
یوسف رضا