لڑکی کی بے حرمتی کے معاملے پر ایم این اے داور کنڈی کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کر دیا
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے‘ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں لڑکی کی بے حرمتی کے معاملے پر ایم این اے داور کنڈی کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کر دیا۔ عمران خان نے کہا ہے کہ داور کنڈی نے لڑکی کے واقعے میں غلط بیانی سے کام لیا۔ علی امین گنڈا پور پر الزامات میں صداقت نظر نہیں آئی۔ داور کنڈی ایک سال سے پارٹی اور صوبائی حکومت کے خلاف بیانات دے رہا ہے۔ تحریک انصاف نے ایم این اے داور کنڈی کو شو کاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمران خان نے شو کاز نوٹس جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ نوٹس میں لڑکی سے زیادتی واقعہ پر لگائے گئے الزامات کے ثبوت مانگے جائیں گے۔ علاوہ ازیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے فنڈ ریزنگ کے سلسلہ میں دبئی میں قریبی دوستوں سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر جہانگیر ترین، زلفی بخاری اور فواد چودھری بھی انکے ہمراہ تھے۔ پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات چودھری شفقت محمود نے کہا ہے کہ داور خان کنڈی کو تاحال پارٹی سے نہیں نکالا گیا۔ پارٹی قواعد کے سنگین انحراف کے مرتکب شخص کو پارٹی سے نکالا بھی جا سکتا ہے۔ داور خان کنڈی نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے بیان پر افسوس ہوا۔ اکرام گنڈا پور اور انعام گنڈا پور نے علی امین گنڈا پور کیخلاف شکایات کیں۔ میں ایک مظلوم لڑکی کے ساتھ کھڑا ہوا، جس کے ساتھ بے حرمتی ہوئی ہے۔ عمران خان کو بروقت خط لکھ کر تمام صورتحال بتا دی تھی۔ عمران خان مجھ سے نہیں ملتے، ایک بار انہوں نے مجھے کہا کہ تمہاری باتوں کے حوالے سے بے بس ہوں۔ میں تمہاری مدد نہیں کر سکتا۔ متاثرہ لڑکی کے چچا کا کہنا ہے کہ علی امین ملزمان کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ میری درجنوں درخواستیں پارٹی کمیٹی کے پاس موجود ہیں اس پر کچھ نہیں ہوا۔
داور کنڈی