شام: کیمیائی حملوں کی تحقیقات: روس نے سلامتی کونسل میں قرارداد پھر ویٹو کر دی
نیویارک/ دمشق (آن لائن + اے ایف پی) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شام میں کیمیائی حملوں کی تحقیقات سے متعلق قرارداد کو روس نے ایک بار پھر ویٹو کردیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق سلامتی کونسل میں شام میں کیمیائی حملوں کی انکوائری کی مدت میں توسیع کی قرارداد روس نے ویٹو کردی۔ 11 ممالک نے قرراداد کی حمایت کی جب کہ روس اور بولیویا نے مخالفت میں ووٹ دیا، نیز چین اور مصر نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ امریکی مندوب نکی ہیلی نے کہا کہ شامی حکومت کی جانب سے نہتے شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال قبول نہیں۔ ضرورت پڑی تو قرارداد دوبارہ پیش کریں گے۔ اقوام متحدہ میں روسی سفیر ویسلے نیبینزیا نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے کی گئی تحقیقات جانبدار ہیں کسی صورت حمایت نہیں کی جا سکتی۔ روس نے اپنے حلیف بشار الاسد کی حمایت میں سلامتی کونسل میں یہ 10 ویں قرارداد ویٹو کی ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال 4 اپریل کو شام میں سیرین گیس حملے میں 80 سے زائد عام شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔ شام کے صوبے دیئر ایزور میں داعش کے کار بم حملے میں 12 بچوں سمیت 26 بے گھر افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ دمشق کے قریب شامی فوج کی شیلنگ سے6بچوں سمیت10 شہری مارے گئے