قومی خزانہ، ملکی وسائل لوٹنے والوں کا یوم حساب قریب ہے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پانامہ کیس میں ملوث دیگر 436 افراد کے خلاف سپریم کورٹ کی طرف سے ان کی پٹیشن کی سماعت کے لیے بنچ مقرر کرنے کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ قومی خزانہ اور ملکی وسائل لوٹنے والوں کا یوم حساب قریب ہے اور لٹیرے عبرت ناک انجام سے دوچار ہوں گے۔ منصورہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹ اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے ختم نبوت بل کو پاس کرنے پر ایوان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹر لسٹوں میں عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے شقوں کو بہت پہلے شامل ہونا چاہیے تھا لیکن دیر آید درست کے مصداق ہم اس بل پر ایوان بالا کے تمام ممبران کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ جس شخص کو سپریم کورٹ نااہل قرار دے چکی ہے اور وہ ایک رکن اسمبلی کی حیثیت سے قومی اسمبلی میں نہیں آسکتا اس کو ایک اکثریتی اور حکومتی پارٹی کا صدر کس طرح منتخب کیا جاسکتا ہے۔ یہ تو آئین سے بغاوت اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی سراسر خلاف ورزی اور توہین ہے۔ حکومتی پارٹی میں افراد کی کمی نہیں ، کسی اور کو پارٹی سربراہ بنا لے لیکن عدالتوں کی طرف سے نااہل قرار دیے گئے شخص کو کسی طرح بھی ممبران اسمبلی کا قائد تسلیم نہیں کیا جاسکتا ۔قبل ازیں ختم نبوت کے حوالے سے قومی اسمبلی سے قانون سازی کے بعد بل جب منظوری کے لیے سینیٹ میں پیش کیا گیا تو سراج الحق نے نقطہ اعتراض پر کہاکہ ختم نبوت کے حوالے سے جن شقوں کو بحال کیا جارہاہے ان میں پیرا گراف نمبر ایک میں مشترکہ انتخابات کی بنیاد پر ووٹر لسٹوں کی تیاری کے الفاظ نہیں ہیں ، لہٰذا ان الفاظ کو شامل کیا جانا ضروری ہے، وفاقی وزیر قانون نے کہاکہ ختم نبوت کے حوالے سے دونوں پیرا گراف کو ان کی اصل حالت میں بحال کردیا گیا ہے، کوئی خامی محسوس ہوئی تو اس کو بھی دور کیا جائے گا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ جن لوگوں نے یہ سازش تیار کی، انہیں بے نقاب کیا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت جان بوجھ کر ان مجرموں کو تحفظ دے رہی ہے۔
سراج الحق