دھرنوں نے ملکی معیشت کو تباہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، ایس ایم منیر
لاہور(کامرس ڈیسک)یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی )کے پیٹرن اِن چیف اور ٹریڈڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے سابق چیف ایگزیکٹوایس ایم منیر نے کہا ہے کہ دھرنوں نے ملکی معیشت کو تباہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اگرچہ صنعتی اور کاروباری حالات ٹھیک نہیں لیکن مسٔلے حل کرنے کی بجائے شہروں کو مفلوج کرنا کسی طور پر بھی درست اقدام نہیں ۔ یو بی جی کی قیادت تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے پر یقین رکھتی ہے اور ہمارے نامزد عہدیدار اپنی کامیابی کے فوری بعد 31 جنوری کو لاہور میں تاجروں کا ملک گیر کنونشن منعقد کرائیں گے جس میں تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے ان کے منتخب نمائندوں سے مکمل مینڈیٹ لیا جائیگا۔ اس سلسلہ میں میاں محمد ادریس کو یو بی جی پنجاب کا چیئرمین نامزد کیا اور کہا کہ وہ اس کنونشن کے بھی کنوینر ہونگے۔یو بی جی اس مرتبہ بھی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی ) کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا۔ ووٹروں 28 دسمبر کو کراچی پہنچیں تا کہ 29 دسمبر کو انتخابات میں ووٹ ڈال سکیں۔ فیڈریشن کے انتخابات میں تمام دوستوں کو انتخابات میںحصہ لینے کا موقع ملے گا تا کہ ان کی صلاحیتوں سے پوری تاجر برادری فائدہ اٹھا سکے ،وہ آج الیکشن مہم کے سلسلہ میں فیصل آباد میں ہونے والی ملک بھر کے تاجر راہنماؤں کی پہلی انتخابی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔