نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے تحت سی پیک منصوبے سے متعلق سیمینار
کراچی(کامرس رپورٹر) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے تحت گزشتہ روز کراچی میں سی پیک منصوبے کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں سی پیک منصوبے سے متعلق چینلجز اور پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔سیمینار کی صدارت سی پیک سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین سید مشاہد حسین اور صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے مشترکہ طور پر کی جبکہ سیمینار کے دیگر مقررین میں قیصر بنگالی،میجر جنرل ظاہر شاہ ریٹائرڈ،کراچی میں تعینات چینی قونصل جنرل وانگ یو اور دیگر شامل تھے ۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل روشن علی شیخ نے خطبہ استقبالیہ میں سی پیک منصوبے کے خدوخال اور اہمیت پر روشنی ڈالی،سید مشاہد حسین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہمیں سی پیک منصوبے کو وسیع تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے ،ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی تیز تر ترقی کا ضامن ہے اور اس منصوبے سے کسی مخصوص صوبے کو نہیں بلکہ مجموعی طور پر پورے ملک کو فائدہ پہنچے گا ۔