جنرل راحیل کا بیان ناقابل برداشت ،اعلان جنگ کے مترادف ہے، کنٹرول لائن پر پاک فوج کی کارروائی میں ہمارے 13 فوجی ہلاک ہوئے: بھارت کا اعتراف
بھارت نے بالآخر کنٹرول لائن پر پاک فوج کی کارروائی میں اپنے 13 فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کر لیا۔ بھارتی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا گزشتہ دنوں لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے دوران 7 پاکستانی فوجی شہید ہوئے تھے جبکہ پاک فوج کی جانب سے بھی جوابی کارروائیو ں میں ہمارے 13 فوجی مارے گئے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت کی جانب سے فوجی ہلاکتوں کو پوشیدہ رکھا جارہا تھا تاہم آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے حالیہ بیان کے بعد جس میں انہوں نے کہا کہ بھارت جانتا ہے کہ پاکستان کیا کر سکتا ہے اور وہ اس خوف سے اپنے فوجیوں کی ہلاکتیں چھپا رہا ہے کے بعد بھارت نے ہلاکتوں کا اعتراف کر لیا ہے۔ وزارت دفاع کے بیان میں کہاگیا ہے کہ پاکستانی اہلکاروں کی شہادت کا بدلہ لینے کے حوالے سے پاکستانی فوجی سربراہ کے بیان پر ہمیں سخت تشویش ہے۔ بھارتی وزارت دفاع نے کہا لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے دوران ہمارے13 فوجی مارے گئے لیکن ہم نے پاکستان سے بدلہ لینے کا کوئی بیان نہیں دیا۔ بھارتی وزیر دفاع نے الزام عائد کیا سیز فائرمعاہدے کی خلاف ورزی پاکستانی رینجرز نے عادت بنا لی ہے جبکہ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل کا بیان ناقابل برداشت اور اعلان جنگ کے مترادف ہے۔