مزید 15امریکی ریاستوں کا شامی مہاجرین کوپناہ دینے سے انکار یہ داعش کی فتح ہوگی:جوبائیڈن
واشنگٹن (این این آئی) پیرس میں حالیہ حملوں کے بعد امریکہ کی مزید 15 ریاستوں نے شامی پناہ گزینوں کو پناہ دینے سے انکار کردیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکہ کی 15 ریاستوں کے گورنرز نے اعلان کیا کہ دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر شامی پناہ گزینوں کو اپنی ریاستوں میں پناہ نہیں دی جائے گی۔ ریاستی گورنروں نے پیرس خودکش حملے میں ملوث مشکوک حملہ آور کے قریب سے ملنے والے شامی پاسپورٹ کو بنیادبنا کر کہا ہے کہ پیرس حملوں میں مبینہ طور پر شامی لوگ ملوث ہیں اس لئے پناہ گزینوں کو اپنی ریاستوں میں جگہ نہیں دے سکتے جن ریاستوں نے شامی پناہ گزینوں کو پناہ دینے سے انکار کیا ان میں جارجیا،اوہائیو، فلوریڈا، انڈیانا،الباما اور دیگر شامل ہیں۔ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے صدر اوباما کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا کہ ان کی ریاست شامی پناہ گزینوں کو پناہ دینے کے پروگرام میں شرکت نہیں کریں گے اور پیرس حملوں کے بعد اس کی ہرگز اجازت نہیں دی جاسکتی۔دوسری جانب امریکی نائب صدر جوبائیڈن نے شامی پناہ گزینوں کو پناہ نہ دینے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ نے شامی متاثرین کو پناہ نہ دی تو یہ جنگجو تنظیم داعش کی فتح ہوگی اور ہم داعش کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔