کراچی میں موٹر سائیکل بم دھماکے میں دو افراد جاں بحق جبکہ پندرہ زخمی ہوگئے۔

18 نومبر 2012 (22:43)

کراچی میں ابوالحسن اصفہانی روڈ کے قریب عباس ٹاؤن میں امام بارگاہ کے قریب دھماکا ہوا جس میں دو افراد جاں بحق جبکہ پندرہ زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور بجلی کے پول گرنے سے بجلی منقطع ہوگئی۔ دھماکے کے بعد شدید فائرنگ کا سلسہ بھی شروع ہوگیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور تمام کاروباری مراکز بند ہوگئے۔ علاقے کو پولیس اور رینجرز نے گھیر لیا ہے جبکہ ابوالحسن اصفہانی روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ عینی شاہد کے مطابق دھماکا مجلس شروع ہونے سے چند منٹ پہلے ہوا ۔ دھماکے کی جگہ پر مشتعل افراد نے مظاہرہ کیا جس کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔