پنجاب میں شوگر ملوں کے کرشنگ سیزن شروع نہ کرنے پر کاشتکاروں کو پریشانی

18 نومبر 2012

لاہور (این این آئی) پنجاب اسمبلی کے ایوان میں معاملہ اٹھائے جانے کے باوجود پنجاب میںشوگر ملوں نے کرشنگ سیزن شروع نہیں کیا جس سے گنے کے کاشتکار وں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی‘ گندم کی بوائی میں تاخیر ہونے کے باعث آئندہ سیزن میں پیداوار میں کئی گنا کمی کا امکان ہے ۔بتایا گیا ہے کہ فیصل آباد ریجن کی 13شوگر ملوں میں سے ابھی تک ایک بھی نہیں چل سکی جس کی وجہ سے ابھی تک گنے کی خریداری شروع نہیں ہو سکی۔کرشنگ تاخیر سے ہونے سے کاشتکار جب گنا کاٹیں گے تو بہت دیر ہو چکی ہو گی اور وہ گندم کی بوائی کے لئے کھیت تیار کرنے کے لئے گنا اونے پونے داموں بیچنے پر مجبور ہوں گے ۔کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ اس سال بوائی تاخیر کا شکار ہونےکی وجہ سے گندم کی پیدوار کم ہونے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔