خادم اعلیٰ نے پنجاب کو خوبصورت بنانے کا عزم کر رکھا ہے: حاجی پرویز

18 نومبر 2012

لاہور (پ ر) پاکستان مسلم لیگ ن یو سی 117 اور مرغزار سوسائٹی ملتان روڈ کے صدر حاجی چودھری پرویز اقبال جٹ نے کہا ہے کہ پنجاب میں جاری ترقیاتی کام اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ خادم اعلیٰ نے پنجاب کو خوبصورت بنانے کا عزم کر رکھا ہے اور انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب وزیراعلیٰ پنجاب اپنے جاری کردہ منصوبوں میں سرخرو ہونگے اور سیاسی مخالفین منہ دیکھتے رہ جائیں گے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم خدائے بزرگ و برتر کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ڈینگی کی خوفناک وباءکے خلاف ہماری کوششوں کو رائیگاں نہیں کیا اور ہم نے اس خطرناک وباءکا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اس کو شکست سے دوچار کیا۔ یہ سب کچھ عوام کے بے پناہ تعاون سے ہی ممکن ہوا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میٹرو بس منصوبے سے پنجاب میں ترقی کی راہیں ہموار ہونگی اور نوجوان نسل کو بہتر روزگار میسر آئے گا۔