انتظامیہ کی ملی بھگت‘ لاری اڈا‘ بادامی باغ کے پارکنگ سٹینڈز پر تجاوزات مافیا قابض
لاہور (خبر نگار) لاری اڈا بادامی باغ کی انتظامیہ کی سرپرستی میں تجاوز کنندگان نے لاری اڈے اور اقبال پارک کے درمیان سڑکوں پر بنائی پارکنگ پر قبضہ کر لیا۔ پارکنگ ایریا میں شاپنگ بیگ، نئے و پرانے کپڑے، سگریٹ، بوتلیں، کھلونے، جوتے فروخت کرنیوالوں کی عارضی دکانوں، ریڑھیوں کے علاوہ پی سی او، کھانے پینے کے ہوٹلوں کو جگہ ”مہیا“ کرنے سے ”افسران اور اہلکاروں“ کو تو ”ماہانہ اور ہفتہ وار کے علاوہ روزانہ“ آمدن ہوتی ہے مگر ٹریفک کا حال بیحد خراب ہو چکا ہے۔ راوی روڈ پر میٹرو بس منصوبے کیلئے تعمیر کی وجہ سے تمام ٹریفک لنک راوی روڈ سے گزرنے پر مجبور ہے۔ جہاں لاری اڈا انتظامیہ کی سرپرستی میں تجاوز کنندگان نے پارکنگ پر قبضہ جما رکھا ہے جس کی وجہ سے بسیں، ویگنیں پارکنگ ایریا کے باہر سڑکوں پر کھڑی ہیں اور سڑکوں پر ان بسوں، ویگنوں کے کھڑے رہنے سے ٹریفک مسلسل جام رہتی ہے۔ فضا میں گردوغبار اور بسوں کا زہریلا دھواں پھیلا رہتا ہے اور علاقے کے مکین گلے اور چھاتی کے امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔ پارکنگ ایریا میں عارضی دکانیں قائم کرنیوالے اس قدر طاقتور ہیں کہ اپنی تجاوزات کی تصاویر بنانے پر انہوں نے مزاحمت کی اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔ ان تجاوز کنندگان کا کہنا تھا کہ خبر اور تصاویر لگا کر کیا بگاڑ لو گے۔ اعلیٰ ترین افسران تک ”ہمارا بھتہ“ پہنچتا ہے۔ ہم باقاعدہ رقم ادا کر کے یہاں بیٹھے ہیں ”مفت کام“ نہیں کر رہے۔