مریم نوازشریف سے برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلر سوسن ہائی لینڈ کی ملاقات

18 نومبر 2012
مریم نوازشریف سے برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلر سوسن ہائی لینڈ کی ملاقات

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نوازشریف سے برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلر سوسن ہائی لینڈ کی سربراہی میں نمائندہ وفد نے آج یہاں ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور ملک کی ترقی میں خواتین کے کردار اور پنجاب میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم نوازشریف نے پولیٹیکل قونصلر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت نے عورتوں کو وراثت اور جائیداد میں ان کا حق دلانے کے لئے قانون سازی کی ہے۔ اس سے خواتین کو درپیش بہت سے مسائل میں کمی واقع ہو گی۔ اسی طرح سرکاری ملازمتوں میں خواتین کے لئے مختص کوٹے پر عملدرآمد میں بھی حکومت نے پیش رفت کی ہے اور سرکاری محکموں میں خواتین محکمے کے انچارج کے طور پر بھی کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قومی سیاست میں بھی خواتین بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیںجس سے معاشرے میں عورتوں کے مسائل کے حل میں خاطر خواہ مدد حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے تعلیم کے شعبے میں طالبات کی بھرپور دلچسپی اور پنجاب حکومت کی طرف سے سٹوڈنٹس کو لیپ ٹاپ کی فراہمی سمیت کئے گئے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔ نواز شریف کو پنجاب یوتھ فیسٹول کے کامیاب انعقاد او ر 11ورلڈ ریکارڈ پر مبارکباد دی۔ ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی۔