حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں نے صنعتی نظام کا بیڑہ غرق کر دیا: صائمہ شہزادی
لاہور (لیڈی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین پنجاب کی رہنما اور سابق ٹکٹ ہولڈر صوبائی اسمبلی صائمہ شہزادی خان نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں نے جمہوریت، معیشت اور قومی حمیت کا جنازہ نکال دیا۔ قومی اداروں میں ہونیوالی شکست وریخت بدترین کرپشن کا شاخسانہ ہے۔ مہنگائی کے حوالے سے مختلف تجارت پیشہ طبقات کاغم وغصہ تشویشناک ہے۔ حکومت کی ناقص معاشی پالیسی سے پاکستان میں بینکاری اور صنعتی نظام کا بیڑہ غرق ہوگیا۔ حکمرانوں کوزمینی حقائق کا ادراک ہے اورنہ ان کی قومی ترجیحات درست ہیں۔ توانائی سمیت مختلف بحرانوں سے نجات کیلئے قومی ایجنڈا صرف میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف کے پاس ہے۔ اپنے منہ میاں مٹھو کے مصداق خود کو مرد بحران قرار دینے والے صدر اور وزیراعظم درحقیقت قومی بحرانوں کی روٹ کاز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی میراتھن ریس میں وفاقی حکومت کا کوئی اعلیٰ یا ادنیٰ عہدیدار اپنے ساتھیوں سے پیچھے نہیں ہے۔