بچوں کے حقوق کیلئے حکومت اور عوام کو ملکر کام کرنا ہو گا: ذکیہ شاہنواز
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی مشیر بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور پالیسی پر عملدرآمد کیلئے حکومت اور فلاحی اداروں کو مل کر کام کرنا ہو گا۔وہ -8کلب روڈ پر بچوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں جس میںمتعلقہ محکموں اور چائلڈ رائٹس موومنٹ کے نمائندوں ظفر ملک، عظمیٰ عاشق، سائرہ بی بی، نذیر غازی، ملک افتخار اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے مستقل اور پائیدار صوبائی کمشن کا قیام نہایت ضروری ہے۔ یہ کمیشن نہ صرف صوبہ بھر میں بچوں کے مسائل کے حل میں مدد گار ہو گا بلکہ مانیٹرنگ بھی کرے گا تاکہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بچے ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کو بنیادی ضروریات زندگی اور بہتر مستقبل کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔