گودام میں آتشزدگی، لاکھوں مالیت کے بریف کیس جل گئے، مزور ہلاک
لاہور (اپنے نمائندے سے + نوائے وقت رپورٹ) تھانہ شالیمار کے علاقے میں دو منزلہ گودام میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت کے نئے بریف کیس جل گئے جبکہ اوپر والی چھت بھی گر گئی۔ چھوٹی گلی کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو سخت مشکلات پیش آئیں۔ فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیوں نے 4 گھنٹے بعد آگ پر قابو پایا۔ آگ نے قریبی گھروں کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ ڈی سی او سمیت متعلقہ انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی۔ اہل علاقہ نے بجلی کا ناقص انتظام ہونے پر متعلقہ انتظامیہ کے خلاف سخت احتجاج کیا۔ ممتاز تاجر نذیر کے مطابق لوڈ شیڈنگ کے بعد جب بجلی اچانک آئی تو گودام میں آگ بھڑک اٹھی۔ ذرائع کے مطابق 2 افراد کو طبی امداد کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا جبکہ ایک مزدور چل بسا۔ آئی این پی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے وسیم قادر موقع پر پہنچے تو لوگوں نے گھیر لیا اور دھکے دئیے۔ ڈی سی او کی مقامی افراد سے تلخ کلامی بھی ہوئی اور انہیں بھی لوگوں نے دھکے دئیے۔ میڈیا نمائندوں کے کیمرے توڑ ڈالے۔