لاہور میں ڈاکے، مزاحمت پر 2شہری زخمی، فیروزوالا میں بس لوٹ لی
لاہور/ فیروزوالا/ مانگا منڈی (اپنے نمائندے سے+ نامہ نگاران) شہر میں چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ڈاکوﺅں نے شہریوں کو 40لاکھ روپے مالیت کی نقدی، زیورات، 3گاڑیوں، 10موٹر سائیکلوں اور ایک رکشہ سے محروم کر دیا، مزاحمت پر دو افراد کو زخمی کر دیا، گوالمنڈی کے علاقے میوہسپتال میں واقع ڈاکخانہ سے تین ڈاکوﺅں نے 70ہزار لوٹ کر ڈاکخانہ کے ملازم عباس کو گولی مارکر زخمی کر دیا جبکہ بادامی باغ عالیہ ٹاﺅن میں زاہد خان سے ڈاکوﺅں نے 15ہزار چھین کر اُسے موزر کے بٹ مار مار کر زخمی کر دیا، دیگر وارداتوں میں اسلام پورہ میں فیصل محمود کے گھر تین ڈاکو گھس آئے اور اہل خانہ کو یرغمال بناکر گھر سے ڈیڑھ لاکھ نقدی زیورات اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ گارڈن ٹاﺅن میں اسلم چیمہ کے گھر سے ایک لیڈی ڈاکو چار ساتھیوں سمیت ملازمین کو باندھ کر سوا تین لاکھ کی نقدی زیورات لے گئے۔ باغبانپورہ میں طاہر کی دکان سے اڑھائی لاکھ، ٹاﺅن شپ حاکم چوک میں چودھری فرنیچر کے نیلام گھر سے 78ہزار، ماڈل ٹاﺅن میں میاں تصدق رسول کے دفتر سے 55ہزار نقدی، درہم موبائل اڑا لئے۔ فیکٹری ایریا ڈیفنس فورٹ ہاﺅسنگ سکیم کے قریب جواد اور اسکی فیملی سے 11لاکھ، گلبرگ حفیظ سنٹر کے قریب لایقت علی اور اس کی فیملی سے سوا سات لاکھ، باغبانپورہ میں آصف اور اس کی فیملی سے دو لاکھ 60ہزار، نواں کوٹ مدینہ پارک بی بلاک میں کفیل اور اس کی فیملی سے ایک لاکھ، ستوکتلہ میں عبدالمالک اور اس کی فیملی سے سوا لاکھ، فیصل ٹاﺅن میں علی رضا اور اسکی فیملی سے دو لاکھ، جوہر ٹاﺅن میں خالد اور اسکے بھائی سے اڑھائی لاکھ، شالیمار افتخار پارک میں عمران شاہ، نشتر کالونی میں کاشف، ساندہ میں شفاقت علی سے موٹر سائیکل اور موبائل نقدی چھین لی گئی۔ نواب ٹاﺅن کے عاصم کے گھر سے چھ لاکھ اور فیکٹری ایریا ستارہ کالونی کے رہائشی حمید کے گھر سے ساڑھے تین لاکھ کی نقدی زیورات اور دیگر سامان چوری کر لیا گیا جبکہ اسلام پورہ سے غفران، سول لائن سے خادم، گلشن راوی سے سرور، مسلم ٹاﺅن سے محسن، اقبال ٹاﺅن سے اویس، ٹاﺅن شپ سے اسد، ہنجر وال سے عباس، شمالی چھاﺅنی سے سلمان، شادمان سے آفتاب اور نشتر کالونی سے شہباز کی موٹر سائیکلیں اور شمالی چھاﺅنی سے خادم سمن آباد سے کامران، مزنگ سے خاور کی گاڑیاں اور لٹن روڈ سے یاسین کا رکشہ چوری کر لیا گیا۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق جی ٹی روڈ پر منوں آباد کے قریب ڈاکوﺅں نے مسافروں سے بھری کوچ اغوا کرکے لوٹ لی۔ متاثرہ افراد نے شدید احتجاج کیا، مریدکے کے دونوں تھانوں کی پولیس واقعہ کے بارے میں ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالتی رہی۔ مانگا منڈی سے نامہ نگار کے مطابق 16ڈاکو لاکھوں روپے کی بھینس ٹرک میں ڈال کر لے گئے۔ ڈاکوﺅں نے حویلی میں سوئے ہوئے ملازمین اللہ دتہ، آصف اور اسکی بیوی پر تشدد بھی کیا اور ایک کمرے میں بند کر دیا۔ 16بھینسوں کی مالیت 20لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔