رحمن ملک زرداری سے وفاداری ثابت کرنے کیلئے کسی غم میں مبتلا نہ ہوں: رانا ثنائ

18 نومبر 2012


لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ زرداری کے لوٹے ہوئے مال سے چوری کھانے والے طوطے بھانت بھانت کی بولیاں بولنا چھوڑ دیں۔ رحمن ملک اپنی وفاداری ثابت کرنے کے لئے کسی غم میں مبتلا نہ ہوں پنجاب کے عوام لیپ ٹاپ اور دیگر فلاحی سکیموں کا ”حساب“ الیکشن میں پیپلز پارٹی کو مسترد کر کے لیں گے۔ رحمن ملک کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ محض بیانات پر گذارا اور بے بنیاد الزامات عائد کرنا پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں کا وطیرہ بن چکا ہے۔ رحمن ملک سوئس بنکوں میں پڑی دولت واپس لانے کی فکر کرتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔ رحمن ملک کے جھوٹ کا پول کئی مرتبہ کھل چکا ہے وہ سب سے بڑے جھوٹے ثابت ہو چکے ہیں۔ اب ان کے میاں برادران یا پنجاب حکومت کے بارے میں خودساختہ دعوﺅں کو عوام سننے کے لئے بھی تیار نہیں ہیں۔ رحمن ملک کا شمار اس سرکردہ ٹولے میں ہوتا ہے جن کا مقصد صرف اور صرف لوٹنا اور پھوٹنا ہے وہ جلد اپنے کئے کی قوم سے معافی مانگیں گے۔ مناسب ہو گا کہ قوم کو یہ بتایا جائے کہ رحمن ملک نے سینٹ کی سیٹ سے استعفیٰ کیوں دیا تھا اور اپنی دوہری شہریت کے حوالے سے انہوں نے کس قدر غلط بیانی سے کام لیا۔ زرداری گروپ کی لوٹ کھسوٹ کا دور جلد انجام کو پہنچنے والا ہے۔