اسلام پورہ میں منشیات اور جوئے کے اڈے‘ عوام سراپا احتجاج
لاہور (اپنے نمائندے سے) تھانہ اسلام پورہ میں جوئے کے اڈوں اور سرعام منشیات فروشی کے خلاف اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے۔ شہریوں نے الزام لگایا کہ سنگین نوعیت کے جرائم میں پولیس کی معاونت حاصل ہے۔ انہوں نے لاہور پولیس کے سربراہ سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ حالات کی فوری انکوائری کر کے ذمہ داران کے خلاف سخت محکانہ ایکشن لیا جائے۔ تحریک انصاف کے مقامی نوید کمال بھٹی نے بتایا کہ سرعام پولیس کی ملی بھگت سے علاقے میں منشیات فروش دھندا کر رہے ہیں اور جواریوں کو بھی کھلی چھٹی ہے۔ اہل علاقہ نے متعدد بار سی سی پی او آفس سمیت وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں درخواستیں دیں مگر متعلقہ پولیس کے خلاف اعلیٰ پولیس آفیسرز کوئی نوٹس نہیں لے رہے‘ صرف دکھاوے کیلئے چند سو گرام کے منشیات کے مقدمات درج کر کے بڑے مگرمچھوں کو نوجوان نسل کے مستقبل سے کھیلنے کی کھلی اجازت ملی ہوئی ہے۔ مقامی رہائشیوں نے آئی جی سے اپیل کی کہ اسلام پورہ سرکل کو سنگین نوعیت کے جرائم سے پاک کیا جائے۔