کشمیر ہماری ریڑھ کی ہڈی ہے‘ کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے: صدر زرداری

18 نومبر 2012

اسلام آباد (آن لائن+ نوائے وقت نیوز) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر ہماری ریڑھ کی ہڈی ہے اور ہم کشمیریوں کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ ایوان صدر میں بےرسٹر سلطان محمود چوھدری کے ساتھ ملاقات میں صدر زرداری نے مسئلہ کشمیر اورپاکستان میں آئندہ ہونے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم چلانے کے علاوہ آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان نے صدر کو آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے کوشاں رہا ہے اور ہم مسئلے کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کےلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔ صدر نے کہا کہ حکومت پاکستان آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرانے کےلئے ہرممکن مدد کرے گی ۔