اسرائیلی حملے کھلی دہشت گردی اقوام عالم ان کے خلاف آواز بلند کریں: نوازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیل کی طرف سے ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ غزہ اور دیگر فلسطینی شہروں پر اسرائیلی حملے کھلی جارحیت ہیں انہیں فوری طور پر بند ہونا چاہئے۔ اپنے بیان میں محمد نوازشریف نے کہا کہ اسرائیل کے حملے اقوام متحدہ کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں جس پر اقوام عالم کو ان کے خلاف آواز بلند کرنی چاہئے۔ معصوم اور بے گناہ شہریوں پر بموں کے انسانیت سوز حملے کھلی دہشت گردی ہیں۔ اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر مظالم فوری طور پر بند کرے۔