مسلم لیگ ن کا منشور ملک کو خودمختار‘ خوددار اور عوام کو خوشحال بنانے کا روڈ میپ ہو گا: نوازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا منشور ملک کو خود مختار، قوم کو خوددار اور عوام کو خوشحال بنانے کا روڈ میپ ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی دفتر میں منشور کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منشور ایک مقدس دستاویز ہے۔ ہمیں اسے تیار کرتے وقت وہی عہد کرنے چاہئیں جنہیں ہم عملی جامہ پہنانے کی اہلیت بھی رکھتے ہوں منشور عوام کو سبز باغ دکھانے کے لئے نہیں بلکہ ان کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لانے کا آئینہ دار ہونا چاہئے۔ مسلم لیگ (ن) کے (93-90) اور (99-97) کے دونوں ادوار اگرچہ ادھورے رہے لیکن ہم نے نہ صرف اپنے منشور میں کئے گئے بیشتر و عدے پورے کئے گئے بلکہ بہت سے ایسے تاریخی کام بھی سرانجام دے دیئے جن کا ہم نے وعدہ بھی نہیں کیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے علاوہ ارکان کمیٹی، مسلم لیگ (ن) کے مرکزی عہدیداران، اراکین پارلیمنٹ اور مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے معاشی، قانونی، صنعتی، زرعی، تعلیمی، خارجی و داخلی امور، آئی ٹی اور سماجی شعبوں کے ان ماہرین نے بھی شرکت کی جنہوں نے اپنے اپنے شعبوں سے متعلق تجاویز منشورکے لئے مرتب کی ہیں۔ منشور کمیٹی کا رواں ہفتے میں ہونے والا یہ دوسرا اجلاس تھا جس میںکمیٹیوں کی رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ارکان اجلاس کی رائے کو ان رپورٹوں میں سمونے کے لئے آئندہ مزید اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ ہوا۔ نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں پارٹی منشور کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔