سلطان جوہر ہاکی ٹورنامنٹ: جرمنی نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی

18 نومبر 2012
سلطان جوہر ہاکی ٹورنامنٹ: جرمنی نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی

کوالالمپور (اے پی پی) دوسرے سلطان جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں جرمنی نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کوہرایا۔ گزشتہ روز بھارت اور میزبان ملائیشیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں اور میچ 3-3 گول سے برابر رہا۔ بھارت کی ٹیم پہلے ہی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ دوسرے میچ میں جرمنی نے پاکستان کو 3-0 سے ہرایا۔ شکست کے بعد پاکستانی ٹیم ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔ تیسرے میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے فتح سمیٹی۔ جرمنی سے پوائنٹس برابر ہونے کے باوجود آسٹریلوی ٹیم بھی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی کیونکہ جرمنی کی اوسط آسٹریلیا کے مقابلے میں بہتر ہے۔ فائنل آج کھیلا جائے گا۔ فائنل میں بھارت اور جرمنی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ بھارتی ٹیم ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے جس کی وجہ سے اسے ٹائٹل کےلئے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے لیکن دوسری جانب جرمنی کی ٹیم بھی فارم میں آ گئی ہے اسلئے فائنل میں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے مدمقابل ہو گی جبکہ پانچویں پوزیشن کے میچ میں میزبان ملائیشیا کی ٹیم نیوزی لینڈ کے آمنے سامنے ہو گی۔