ہارون لورگاٹ کے تجربہ سے پاکستان فائدہ اُٹھائے : اعجاز بٹ

18 نومبر 2012
ہارون لورگاٹ کے تجربہ سے پاکستان فائدہ اُٹھائے : اعجاز بٹ

لاہور (حافظ محمد عمران) ہارون لورگاٹ ایک تجربہ کار اور محنتی انسان ہیں۔ ان کی پاکستان آمد اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعاون سے ہماری کرکٹ کو خاصا فائدہ ہو سکتا ہے۔ بالخصوص اس وقت میں جب کرکٹ بورڈ پاکستان پریمیئر لیگ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ نے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ پی سی بی کے چیئرمین تھے تو انہوں نے آئی سی سی میں لابنگ کرکے ہارون لورگاٹ کی مدت ملازمت میں بھی توسیع کروائی تھی۔ کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق چیف ایگزیکٹو باصلاحیت شخص ہیں اور دنیا بھر میں ہونیوالی پرائیویٹ ٹی ٹونٹی لیگز کا وہ وسیع تجربہ بھی رکھتے ہیں۔ یوں پی پی ایل کے انعقاد میں وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کیلئے مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ اعجاز بٹ نے کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا اچھا فیصلہ ہے کہ وہ تجربہ کار اور کھیل کے انتظامی معاملات سے براہِ راست تعلق رکھنے والے افراد کے تعاون سے کام کر رہا ہے۔ ہارون لورگاٹ سے بہتر انداز میں کام لینا کرکٹ بورڈ کی ذمہ داری ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ بورڈ حکام اس موقع سے کس طرح فائدہ اُٹھاتے ہیں۔