محرم میں تحفظ عامہ کےلئے اقدامات ہر صورت یقینی بنائینگے: ذوالفقار کھوسہ
لاہور (خصوصی رپورٹر) سینئر مشیر وزیر اعلی پنجاب سردار ذوالفقارکھوسہ نے کہا ہے کہ پو لیس اور دیگر سکیورٹی ادارے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں اور محرم کے دوران تحفظ عامہ کے لئے موثر انتظامات کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں۔ اس موقع پر جہانزیب برکی، میاں مرغوب احمد شاہدخان، سید طاہر رضا، پولیس کے اعلی حکام ، کمشنر لاہور ڈویژن ، سپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔ ذوالفقارکھوسہ نے کہا کہ محرم کے دوران تمام ماتمی جلوسوں اورمجالس کو سکیورٹی و دیگر سہولیات کی فراہمی حکومت اور انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلہ میں انتظامیہ اور پولیس تھانہ سے لے کر ڈویژن کی سطح پر قریبی رابطہ رکھیں۔ سیکورٹی ادارے محرم کے دوران ہائی الرٹ رہیں اور اضلاع کے داخلی و خارجی راستوں کوبھی خاص طو رپرسختی سے مانیٹر کریں ۔ امن و امان کا قیام پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں کسی بھی مسلک یا مکتبہ فکر کو اشتعال انگیز تقریریں کر کے دوسروں کی دل آزاری کرنے یا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔