بھارت انتخابات کو سیاسی مفادات کیلئے استعمال کرتا ہے : علی گیلانی

18 نومبر 2012

سرینگر (آن لائن)کل جماعتی حریت کانفرنس گیلانی گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے انہیں جمعہ کی ادائیگی سے روکنے پر حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی میں کوئی فرق نہیں ہے۔دونوں بھارت نواز اور ان کا کردار تحریک آزادی کو سبوتاژ کرنا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے عوام سے انتخابات کے بائیکاٹ کی بھی اپیل کی اور کہا ہے کہ بھارت عالمی فورمز پر انتخابات کا تعلق مسئلہ کشمیر سے جوڑتا ہے اور انہیں اپنے سیاسی مفادات میں استعمال کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قومی مفاد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے تناظر میں حریت کانفرنس عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ انتخابات کا بائیکاٹ کررہی ہے انہوں نے کہا کہ بھارت عمر عبد اللہ ،مفتی سعید اور غلام نبی آزاد کو اپنے سیاسی مفادات کے لئے کرسی کی پیشکش کرتا ہے۔2010 کی بد امنی کے بعد مجھے مستقل نظر بند کیا جا چکا ہے اور بعض عناصر یہ غلط تاثر پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ میرے کشمیر کے باہر پولیس کی نفری میری حفاظت پر مامور ہیں۔