دورہ پاکستان سے پہلے سول سوسائٹی سے مشاورت کرینگے: میر واعظ
سرینگر (آن لائن)کل جماعتی حریت کانفرنس میر واعظ گروپ کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ وہ دورہ پاکستان سے پہلے مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوﺅں پر سول سوسائٹی کے مختلف طبقوں سے مشاورت کریں گے جس کا آغاز تاجروں سے ہوگا۔ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ ہم پاکستان جانے سے قبل دانشوروں، سول سوسائٹی، ماہرین تعلیم اور وکلاءو تاجروں کے ساتھ رابطہ کرنا چاہتے ہیں۔ اس ضمن میں ہم 20 نومبر کو تاجروں کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ خاص طور پر آر پار تجارت میں شامل تاجروں کے ساتھ ملاقات کریں گے اور ان کے معاملات پر بات چیت کریں گے۔ انہوں نے اپنے موقف کو دہرایا کہ مسئلہ کشمیر صرف سہ فریقی مذاکرات سے ہی حل کیا جا سکتا ہے اور حریت کانفرنس کا مسئلہ کشمیر کے حوالے سے واضح موقف ہے جب تک 56 سالہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں ہو گا خطے میں قائم نہیں ہوگا۔