پاک فوج نے کانگو امن مشن میں بڑی کامیابی حاصل کرلی

18 نومبر 2012

کانگو (آئی این پی) کانگو امن مشن میں ذمہ داریاں سنبھالنے والی پاک افواج کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اہم مسلح گروہ کے سرغنہ نے ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دیئے۔ہفتہ کو غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سرحدوں کے پاسباں ملک کے اندر تو عالمی امن کے لئے جنگ لڑرہے ہیں۔ ملک سے باہر بھی خدمات انجام دینے میں کسی سے پیچھے نہیں۔ پاک افواج کے چار ہزار افسروں اور جوانوں پر مشتمل دستے نے کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن کو جوائن کیا۔ پاک افواج کا پہلا مشن کانگو تھا جہاں جنوبی صوبے کیوو میں مسلح گروہوں سے لڑنے کے بعد پاک افواج کے کمانڈر بریگیڈیئر نادر خان نے جوانوں کو جنگلوں میں چھپے مسلح گروہوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی تو اہم مسلح گروہ کے سرغنہ نے تیس ساتھیوں سمیت ہتھیار ڈال دیئے۔ کیوو کے گورنر نے پاک افواج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے جوانوں کو امن مشن کے بہترین اہلکار قرار دیا۔