تحریک انصاف کے الیکشن پارٹیوں کو خاندانی تسلط سے نجات دلائینگے: عمران

18 نومبر 2012

اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے انتخابات گلا سڑا سیاسی کلچر اکھاڑ پھینکنے اور سیاسی جماعتوں میں حقیقی جمہوریت متعارف کرانے میں معاون ثابت ہونگے، یہ انتخابات سیاسی جماعتوں میں خاندانی تسلط، تاحیات حکمرانی اور ڈمی پارٹی الیکشن سے قوم کو نجات دیکر ملک میں حقیقی جمہوریت لانے کی بنیاد ثابت ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ عمران نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن آج ہونے والے انتخابات کے ذریعے ملک میں نئی سیاسی تاریخ رقم کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض سیاستدان ہر وقت خوف کی فضا میں رہتے ہیں اور اسی لئے اپنی جماعتوں میں انتخابات سے کتراتے ہیں اور انتخابات کی بجائے اپنے ورکرز، عوام اور ووٹرز کے خلاف سازشیں کرکے انہیں مختلف مسائل میں الجھائے رکھتے ہیں تاکہ وہ عوامی احتساب سے محفوظ رہیں۔