آئندہ ہفتے اہم نوعیت کے مقدمات کے لئے سپریم کورٹ کے 5 بنچ تشکیل

18 نومبر 2012

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے اگلے ہفتے کے دوران اسلام آباد کے پرنسپل سیٹ پر اہم نوعیت کے مقدمات کی سماعت کے لئے پانچ الگ الگ بنچ تشکیل دے دئیے ہیں۔ پیر سے شروع ہونے والے ہفتے کے لئے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے اہم مقدمات کی سماعت کے لئے پانچ بنچ تشکیل دئیے۔ پہلا بنچ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں جسٹس گلزار احمد اور جسٹس شیخ عظمت پر مشتمل تین رکنی بنچ سینیٹر اقبال ظفر جھگڑا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق دائر درخواست، وطن پارٹی کے سربراہ بیرسٹر ظفر اللہ کی جانب سے بلدیاتی انتخابات منعقد کرانے میں تاخیری حربے استعمال کرنے سے متعلق دائر درخواست، سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند کا مقدمہ، بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ، اوگرا کے سابق چیئرمین توقیر صادق کی گرفتاری، بنکوں میں زکوٰة کٹوتی سمیت دیگر اہم مقدمات کی سماعت کرے گی۔ بنچ نمبر دو میں جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں جسٹس ثاقب نثار اور جسٹس سرمد جلال عثمانی پر مشتمل تین رکنی بنچ میں جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں جسٹس طارق پرویز اور جسٹس امیرہانی مسلم پر مشتمل تین رکنی بنچ میں جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں جسٹس خلجی عارف حسین اور جسٹس اعجاز احمد چودھری جبکہ آخری بنچ میں جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس اعجاز افضل خان اور جسٹس اطہر سعید پر مشتمل تین رکنی بنچ دیگر مقدمات کی سماعت کریں گے۔