مسلم لیگ (ن) بھارت کیساتھ تمام مسائل کا ترجیحی بنیاد پر حل چاہتی ہے: چودھری غفور

18 نومبر 2012

لاہور (سیف اللہ سپرا) پنجاب کے وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما چودھری عبدالغفور نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقتیں ہیں لہٰذا دونوں میں سے کوئی ملک بھی جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ یہ بات دونوں ملکوں کی سمجھ میں آ گئی اس لئے دونوں ملک اب قریب ہو رہے ہیں جلد وہ وقت آئے گا جب کشمیر اور پانی سمیت تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔ ان دنوں صوبہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار سمیت بھارت کے متعدد رہنما پاکستان آئے اور مجھے ان کی مہمان نوازی کا موقع ملا۔ میں نے ان کی مہمان نوازی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی تاکہ وہ یہاں سے یہ تاثر لے کر جائیں کہ ہم دہشت گرد نہیں بلکہ پیار اور محبت کرنے والے لوگ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وقت میں گفتگو کے دوران کیا۔ قبل ازیں انہوں نے ایڈیٹر انچیف نوائے وقت گروپ جناب مجید نظامی سے ملاقات کی۔ چودھری عبدالغفور نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی یہ واضح پالیسی ہے کہ کشمیر اور پانی سمیت بھارت کے ساتھ تمام مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کئے جائیں۔ جب نوازشریف وزیراعظم تھے تو اس وقت کے بھارتی وزیراعظم واجپائی بس پر بیٹھ کر لاہور آئے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہاکہ ہم کشمیر کا مسئلہ حل کریں گے۔ افسوس کہ پرویز مشرف نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم کر دی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے میاں نوازشریف کے ساتھ ملاقات میں انہیں کہاکہ آپ امن کے لئے کام کر رہے ہیں آپ اس علاقے کے محسن ہیں۔ اب ہمیں غربت کے خلاف جنگ کرنی چاہئے۔