ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے: وزیر خزانہ

18 نومبر 2012

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کا فقدان ہے تاہم حکومت تمام تر اقدامات کر رہی ہے ، پڑوسی ممالک سے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں۔ آغا خان یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دنیا میں خوراک کی کمی اور تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے تمام ممالک کو متاثر کیا ہے ، موجودہ حکومت نے تمام ملکی اداروں کو خودمختاری دی، صوبوں کے پاس تمام تر وسائل موجود ہیں، خواتین کو بااختیار کرنے کیلئے مختلف اقدامات کئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ ملک میں آزاد پارلیمنٹ، آزاد عدلیہ، سول سوسائٹی اور آزاد میڈیا موجود ہے ، پڑوسی ممالک کیساتھ تعلقات بہتر ہو رہے ہیں، جس سے خطے میں امن قائم ہو گا۔