”نوٹس کے بغیر سٹیل فرنسز کی بجلی بند کرنا قابل مذمت ہے“

18 نومبر 2012

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر نے کسی نوٹس کے بغیر سٹیل فرنسز کی بجلی بند کرنے کے فیصلے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی بندش کی وجہ سے انہیں پہلے ہی بھاری نقصان کا سامنا ہے ، بجلی کی بندش سے یہ بالکل تباہ ہوجائیں گی۔ صدر چیمبر فاروق افتخار نے کہا کہ سٹیل فرنسز کی بندش سے لاکھوں افراد بے روزگار ہوجائیں گے جس سے سٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی سیکرٹری واٹر اینڈ پاور نے اپنے حالیہ دورہ لاہور کے موقع پر جو یقین دہانی کرائی تھی اس کے بعد کاروباری برادری توقع کررہی تھی کہ بجلی کی سپلائی بہتر ہوجائے گی مگر حالات درست ہونے کے بجائے مزید بگڑ گئے ۔ سٹیل فرنسز کو یہ تک نہیں بتایا گیا کہ بجلی کب بحال ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی بندش کی وجہ سے سٹیل فرنسز کی پیداواراور سٹاف دونوں بہت محدود ہوگئے اور بجلی کی مکمل بندش نے سٹیل فرنسز مالکان اور سٹاف دونوں کو شدید پریشانی سے دوچار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ریکوری کی شرح 98%ہے لیکن اسے سب سے زیادہ توانائی کے بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ دیگر صوبوں میں ریکوری کی شرح پچاس فیصد کے لگ بھگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معاملات کو درست بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے۔